مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای نے بہار قرآن کریم اور رمضان المبارک کے پہلے دن قرآن مجید کی نورانی اور معنوی محفل کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےفرمایا: بعض عربی ممالک کئی ملین قرآن مجید کے نسخے شائع کرتے ہیں لیکن ان کا عمل قرآن مجید کے سراسر خلاف ہوتا ہے وہ امریکہ کی دوستی کے حصول کے لئے اپنی قوم کے اربوں ڈالرخرچ کرتے ہیں جبکہ امریکہ کی دوستی حباب کے مانند ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایران میں قرآن مجید پر عمل کے سلسلے میں اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور ملک بھر میں قرآنی جلسات کا انعقاد انقلاب اسلامی کی برکات میں سے ہے ورنہ شاہ معدوم کے دور میں لوگ قرآن مجید سے بیگانہ ہوگئے تھے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے قرآنی تعلیمات پر عمل کے سلسلے میں تاکید کرتے ہوئے فرمایا:قرآن ہادی و رہنما ہے اور انسان کی نجات کا ضامن ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: قرآن مجید کے سائے میں تمام سیاسی، ثقافتی اور اقتصادی مشکلات کو حل کیا جاسکتا ہے ۔ آج اسلامی معاشرے کو مشکلات کا سامنا ہے اور سعودی عرب جیسی بعض نالائق حکومتیں اسلام اور مسلمانوں کی دشمن اور طاغوتی امریکی حکومت کے ساتھ تعاون کرکے اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: سعودی عرب بڑی مقدار میں پیسہ خرچ کرکے امریکہ کو راضی اور خوش رکھنے کی کوشش کررہا ہے لیکن امریکہ کبھی خوش ہونے والا نہیں ۔البتہ عالم اسلام کو سعودی عرب کی ایمان سے دوری اور منافقت کا پتہ چل گیا ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: سعودی عرب قرآن مجید کے کئی ملین نسخے شائع کرتا ہے لیکن وہ قرآن مجید اور اللہ تعالی کے فرمان پر عمل نہیں کرتا بلکہ وہ امریکہ کے فرمان پر عمل پیرا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کے دوران ایرانی عوام کے تجربات کی طرف اشارہ کرتے ہوئےفرمایا: ایرانی قوم نے آٹھ سال تک خالی ہاتھ جنگ لڑی ، ایرانی قوم کے خلاف عالمی سامراجی طاقتیں صدام معدوم کی حمایت اور پشتپناہی کررہی تھیں۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: فتح مؤمنین کی ہے اور ایرانی قوم کے تجربات سے پتہ چلتا ہے کہ مستقبل مؤمن جوانوں کے ہاتھ میں ہے۔
آپ کا تبصرہ